سعودی عرب میں مسجد حرام سمیت دیگر مساجد میں نماز استسقاء ادا کی گئی ہے۔ عرب نیوز کے مطابق مملکت میں خشک سالی اور بارش نہ ہونے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ ایسی صورت حال میں مملکت میں نماز استسقاء ادا کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں بیت اللہ شریف میں نماز استسقاء ادا کی گئی جس میں امیر شہزادہ خالد الفیصل نے بھی شرکت کی۔
مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا جس میں شہزادہ فیصل بن سلمان اور دیگر ذی اثر شخصیات نے نماز ادا کی۔ ان دو مقدس مساجد کے علاوہ مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔
خیال رہے کہ خشک سالی اور بارش نہ ہونے کے سبب نماز استسقاء کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جس میں اللہ تعالی سے عاجزی اور انکساری کے ساتھ گریہ وزاری کرتے ہوئے بارش کے لئے دعا مانگی جاتی ہے۔ حضور ﷺ اور صحابہ کرامؓ کے زمانہ میں بھی نماز استسقاء ادا کی جاتی تھی۔