سفرِ حجِّ بیت اللہ
قومی خبریں

ہندوستان حج کے لئے انڈونیشیا کے بعد سرفہرست

ریاست مہاراشٹر کے دار الحکومت ممبئی میں حج ہاوز میں منعقدہ حج تیاریوں کے اجلاس کے دوران پریس کانفریس سے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین حج ہندوستان سے ہی سفر حج پر جاتے ہیں اور آبادی کے لحاظ سے اب وہ وقت دور نہیں کہ ہندوستان سفرِ حج میں انڈونیشیاء پر بھی سبقت لیجا کر سفر حج میں سر فہرست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حج کے انتظامات و تیاریاں شباب پر ہے اب تک 20ہزار سے زائد عازمین حج کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اس میں 60فیصد درخواستیں موبائل ایپ پر ارسال ہوئی ہے اس میں سے 20فیصد درخواستیں بغیر محرم خواتین کی بھی ارسال ہوئی ہے گزشتہ دو برسوں سے جن بغیر محرم خواتین نے درخواستیں دی تھیں اور اب کی درخواست یعنی تین ہزار سے زائد بغیر محرم خواتین کو قرعہ اندازی سے مسثتنی رکھا جائے گا اور انہیں براہ راست حج کا موقع فراہم ہوگا۔

مختار عباس نقوی نے کہا کہ سفر حج کے دوران اشیاء ضروریہ اور روزمرہ کے استعمال کی شئے چادر و دیگر سامان ہندوستان سے ہی عازمین کو فراہم کئے جائیں گے اس کے عوض ان سے کوئی اضافی چارج یا پیسہ وصول نہیں کیا جائے گا۔

مرکزی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ جب سے حج سبسڈی ختم ہوئی ہے اس کے بعد سے ہی ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ حج سستا ہو اس پر ہی ایئر فیر اور ہوائی ٹکٹ کا معاملہ بھی منحصر ہے چونکہ اب اڈانی سمیت دیگر کمپنیوں کی ہوائی جہاز کمپنیوں سے بھی ٹینڈر طلب کیا گیا ہے اور اسی مناسبت سے ہوائی ٹکٹ اور دیگر ایئر فئیر طے ہوگا۔

نقوی نے کہا کہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کی بھی اب حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت اقلیتی امور و سرکار نگرانی کریگی کوئی بھی پرائیوٹ آپریٹر اگر کسی عازمین سے دھوکہ دہی کرتا ہے تو اس کی جگہ جیل میں ہوگی اور اس سلسلے میں حج پرائیوٹ ٹور آپریٹر پورٹل بھی تیار کر لیا گیا ہے اس پر پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کو اپنی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہے اس سے نظام میں شفافیت پیدا ہوگی اور عازمین ٹھگی کا شکار نہیں ہوسکیں گے اس کیلئے سرکار سنجیدہ ہے اور تمام تفصیلات جمع کئے جارہے ہیں پرائیوٹ آپریٹرس کو 30فیصد کوٹہ ملتا ہے جبکہ حج کمیٹی سے 70فیصد کوٹہ ہے اور اسی مناسبت سے عازمین حج کمیٹی اور پرائیوٹ ٹور آپریٹرس سے حج پر جاتے ہیں۔

مختار عباس نقوی نے کہا کہ امسال کورونا کے سبب صرف 10امبارکیشن سے ہی سفر حج پر جانے کی اجازت ہوگی اور دونوں ٹیکہ لازمی ہوگا اسی صورت میں ہی عازمین کو حج کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ ٹیکہ کے بعد بھی ایئر پورٹ پر 72 گھنٹے قبل آر ٹی پی سی آر رپورٹ کے لئے ٹیسٹ کا انتظام حج کمیٹی کریگی اس پر بھی میٹنگ لی گئی ہے اور منظور شدہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ سے ہی یہ ٹیسٹ کروایا جائیگا صحت و سلامتی کیلے ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ, ای مسیحا بھی جاری کیا گیا ہے جس میں مکہ مدینہ میں قیام کیلئے بلڈنگ اور ٹرانسپورٹیشن کی معلومات ہندوستان میں ہی فراہم ہوتی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستانی عازمین کو سہولیات و تحفظ اور اس میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اسی طرز پر عازمین حج کیلئے کورونا قوانین کے ساتھ سفر حج میں آسانیاں پیدا کی گئی ہے۔ مختار عباس نقوی نے اجلاس میں حج 2022 ء کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور اس میں پرائیوٹ ٹور آپریٹرس سے بھی میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔