جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں وادی کشمیر کا پہلا ہاکی آسٹرو ٹرف اسٹیڈیم 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جس سے علاقے میں کھیلوں کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ اسٹیڈیم وادی میں اپنی نوعیت کا پہلا اور پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صرف دوسرا ہوگا۔ یہ اسٹیڈیم گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول پلوامہ میں جموں و کشمیر اسکیم میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے تحت تعمیر کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ستمبر 2020 میں پلوامہ کے اپنے پہلے دورے کے بعد ہاکی آسٹرو ٹرف سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ ہاکی آسٹرو ٹرف سٹیڈیم
ضلع کے ہاکی شائقین کی ایک دیرینہ خواہش کی درخواست تھی۔ حکومت کا یہ ایک شاندار قدم ہے۔ وادی کشمیر میں اس طرح کا اسٹیڈیم پہلی مرتبہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سے پلوامہ اور مضافاتی علاقوں میں ہاکی کو پروان چڑھانے میں کافی مدد ملے گی۔
کھیلوں کے شائقین نے اپنے پلوامہ میں اس اسٹیڈیم کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ کھیلوں کے ایک اور دلدادہ نے کہا کہ اس طرح کے اسٹیڈیم کے تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور منشیات جیسی لعنت سے دور رکھنے میں کافی معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں نوجوان مختلف کھیلوں میں اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حال ہی میں تجمل اسلام نے باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ وادی میں نوجوانوں کا ہاکی کی جانب بہت کم ہی رجحان تھا اس اسٹیڈیم کی تعمیر سے نوجوانوں میں رغبت پیدا ہوگی۔