Untimely Snowfall damages Apple & Price hike in valley
جموں و کشمیر

قبل از وقت برفباری سے سیب کی فصل میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ

وادی کشمیر میں کچھ دن پہلے بے موسم بارش اور وقت سے پہلے برفباری ہوئی جس کے باعث نہ صرف عام زندگی درہم برہم ہوئی بلکہ اس سے فصلوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

بے موسم بارش اور وقت سے پہلے برفباری کی وجہ سے وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے، جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حالیہ برفباری کی وجہ سے سیب کی فصل کو کافی نقصان ہوا ہے، اگرچہ میدانی علاقوں میں سیب کی فصل کو اتارا گیا، تاہم بالائی علاقوں میں اب بھی سیب کی فصل اتارنے کا کام جاری تھا۔

 

پلوامہ میں سیب کے تاجروں نے کہا کہ موسم میں آئی اچانک تبدیلی کی وجہ سے جہاں اس بار سیب کی فصل میں نمایاں کمی آئی۔ تاہم اس بار میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سیب کے تاجروں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیب منڈیوں تک کم مقدار میں پہنچ رہا ہے جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

دوسری جانب پورے ملک میں دیوالی کا تہوار منایا جارہا ہے جس کے باعث ہر سال اس بڑے تہوار پر میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے وہی کشمیری سیب کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا جس کی وجہ سے سیب کے کاشتکاروں اور تاجروں نے کافی خوشی ظاہر کی۔