یمن: حوثی باغیوں کا مسجد پر حملہ
مسلم دنیا

یمن: حوثی باغیوں کا مسجد پر حملہ

یمن میں 2015 سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی اور یمنی اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان جاری جنگ میں لاکھوں افراد ہلاکت کا شکار ہوئے ہیں۔ اس خانہ جنگی کے باعث یمن میں صورت حال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ ہزاروں افراد اور بچے فاقہ کشی کا شکار ہوئے ہیں۔

یمن کے مارب کے علاقے میں حوثی باغیوں کے ایک مسجد پر میزائل حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت 39 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مارب کے علاقے العمود میں رہائشی علاقے پر دو میزائل حملے کیے گئے جس کے باعث ایک مسجد اور عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

یمن کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے رہائشی علاقے کو میزائل سے نشانہ بنایا، اس حملے میں ایرانی ساختہ میزائل استعمال کیے گئے ہیں۔

یمنی وزیر کے مطابق گذشتہ دو دنوں کے دوران حوثی باغیوں نے مارب اور تعز کے صوبوں میں منظم حملے کیے جس میں خواتین اور بچے بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
یمنی وزیر اطلاعات نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ یمن میں عام شہریوں کی ہلاکت اور قتل و غارت گری پر روک لگانے کے لئے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ یمن میں 2015 سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی اور یمنی اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان جاری جنگ میں لاکھوں افراد ہلاکت کا شکار ہوئے ہیں۔ اس خانہ جنگی کے باعث یمن میں صورت حال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ ہزاروں افراد اور بچے فاقہ کشی کا شکار ہوئے ہیں۔