مسجد کی زمین پر جبرا قبضہ
حالات حاضرہ قومی خبریں

کانپور: مسجد کی خالی زمین پر راتوں رات قبضہ

ریاست اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے جیسے جیسے قریب آتے جارہے ہیں فرقہ وارانہ واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔

اتر پردیش کے شہر کانپور میں شرپسند عناصر نے مسجد کی خالی زمین پر چبوترا بنا کر شیولنگ نصب کر دیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

کانپور کے گھاٹم پور علاقے میں ہمیر پور روڈ پر واقع جواہر نگر میں مسجد کی خالی پڑی زمین پر شرپسند عناصر نے راتوں رات زبردستی قبضہ کرکے وہاں ایک چبوترا بنایا اور وہاں شیو لنگ نصب کر دیا۔

اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جس کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی گئی لیکن لوگوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس کا رویہ غیر منصفانہ ہے۔اب اس معاملے کو جمعیت العلماء ہند کی کانپور یونٹ، اعلیٰ افسران سے مل کر حل کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کانپور شہر سے تقریباً پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں گھاٹم پور تحصیل حلقہ کے جواہر نگر ہمیر پور روڈ پر واقع مسجد دارالارقم کی تقریباً 300 سو گز زمین جو خالی پڑی تھی، پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مقامی عوام نے بتایا کہ ضلع پنچایت رکن جتیندر یادو نے مسجد انتظامیہ سے کئی بار اس زمین کو لینا چاہا لیکن وقف پراپرٹی ہونے کی وجہ سے مسجد کے متولی نے ہر بار زمین دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد اس نے رات کے اندھیرے میں زبردستی ایک چبوترا بنا کر شیولنگ نصب کر دیا۔ اس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

لوگوں نے الزام عائد کیا کہ موقع پر پہنچی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ محض خانہ پُری کر کے چلی گئی۔اس معاملے کے بعد کانپور شہر میں جمیعت العلماء کے ارکان نے ہنگامی میٹنگ بلائی اور ایک وفد نے مسجد دارالارقم جاکر مسجد انتظامیہ سے ملاقات کی۔

علاقائی پولیس سے بات کرنے کے بعد جب کوئی حل نہیں نکلا تو اب یہ وفد کانپور ضلع کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کر کے انہیں حالات سے واقف کروائے گا۔
(بشکریہ ای ٹی وی بھارت)