اشتہارات کی دنیا میں صارفین کو راغب کرنے کے لئے نت نئے طریقے آزمائے جاتے ہیں متحدہ عرب امارات کی ایک فضائی کمپنی نے ایک ایسا ہی طریقہ اختیار کیا جس کو دیکھ کر آپ خود حیران ہوجائیں گے۔
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئر لائن ان دنوں ایک نئے اشتہار کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔ ایمریٹس ایئرلائن نے اشتہار کے لئے ایک خاتون کو برج خلیفہ کی بلند ترین چوٹی پر کھڑا کرکے دنیا کو حیرت زدہ کردیا ہے۔
اطلاعات کےمطابق ایمریٹس ایئرلائن نے اس اشتہار کی شوٹنگ برج خلیفہ کے اوپر کی ہے۔ اشہتار کی ویڈیو میں ایک خاتون ایمریٹس ایئر لائن کی ایئر ہوسٹس کی ملبوسات پہن کر برج خلیفہ کی چوٹی پر بے خوف کھڑی نظر آئی۔
اس خاتون کے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز تھے جس میں لکھا تھا کہ متحدہ عرب امارات کو یوکے ایمبر لسٹ میں لے جانے سے ہمیں دنیا میں سرفہرست ہونے کا احساس ہوا۔ امارات میں پرواز کریں۔ بہتر پرواز کے لیے امارات کا انتخاب کریں۔
30 سیکنڈ کے اس اشتہار کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے دیکھ کر صارفین حیرت میں پڑ گئے ہیں۔ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون نیکول اسمتھ لڈوک ایک پیشہ ور اسکائی ڈائیونگ ٹرینر ہیں۔
آپ دیکھیں گے کہ نیکول برج خلیفہ کے اوپر کھڑی ہے جس کے پس منظر میں دبئی کا شاندار نظارہ دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ برج خلیفہ زمین سے 828 میٹر کی بلندی پر دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔
انسٹاگرام پر اشتہار شیئر کرتے ہوئے نیکول نے لکھا "یہ بلاشبہ میرے اب تک کے سب سے حیرت انگیز اور دلچسپ سٹنٹس میں سے ایک ہے۔ آپ کے تخلیقی مارکیٹنگ آئیڈیا کے لیے امارات ایئر لائنز ٹیم کا حصہ بن کر خوشی ہوئی!