جمہوری نظام سے ہی ملک کی ترقی ممکن
قومی خبریں

خیر سگالی اور یکجہتی کی نئی مٹال

صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی کی ہدایت پر بلا تفریق مذہب و ملت مہاراشٹر میں سیلاب متاثرین کو راحت وامداد پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

مہاراشٹر کا ساحلی علاقہ کوکن بھیانک سیلاب سے شدید متاثر ہے، خاص طور پر مہاڈ اور چپلون کے تقریباتمام علاقے سیلاب کی زدمیں ہیں اسی طرح مغربی مہاراشٹر کے اچل کرنجی، کولہاپور، سانگلی، میرج علاقے بھی سیلاب سے متاثر ہیں۔

ان علاقوں میں جمعیۃ علماء مہاراشٹرکی جانب سے ریلیف کے مختلف کام کئے جارہے ہیں جس میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد بھی شامل ہیں، میڈیکل کیمپ میں بلا تفریق مذہب و ملت انسانی بنیادوں پر عوام کی خدمت کی جارہی ہے۔

جمعیۃ علماء پونے کے صدر قاری ادریس کی سربراہی میں چپلون کے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے،ان میں ایک میڈیکل کیمپ مہاکالی مندر میں بھی لگایا گیا، جس میں مقامی لوگوں کا چیک اپ اور علاج کیا جارہا ہے۔ ان علاقوں میں صد فیصد آبادی برادران وطن کی ہے۔

اسی طرح سیلاب میں غرق ہونے کی وجہ سے آٹو رکشا اور چھوٹی گاڑیاں ناقابل استعمال ہوگئی تھیں، چنانچہ ان کی مرمت اور قابل استعمال بنانے کے لئے موٹر میکینکوں کی مختلف ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل، رکشا اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی بڑی تعداد میں مرمت کررہی ہیں۔

برادران وطن کی ایک بڑی تعداد نے جمعیۃعلماء کی جانب سے روانہ کی گئی میکینکوں کی ٹیم سے استفادہ کیا اوراپنی گاڑیوں کو درست کرایا۔

واضح رہے کہ مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ امداد و بازآبادکاری کا کام مذہب سے اوپر اٹھ کر صرف انسانیت کی بنیاد پر کیا جائے۔