حرمین شریفین کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے حج کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ موجودہ حج کو ’اسمارٹ حج‘ کا نام دیا جائے تو یہ بے جا نہیں ہوگا، کیونکہ رواں سال حج کے موقع پر زیادہ سے زیادہ مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھایا گیا۔ ڈیجیٹل آلات کی مدد سے حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقع پر اسمارٹ آلات کا استعمال ویژن 2030 کے نشانوں کا حصہ ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ رواں حج سیزن کے موقع پر حکومت کی طرف سے حج سروسز کو جدید خطوط پر منتقل کرنے کی خصوصی ہدایت دی گئی تھی۔
مسجد حرام میں روبوٹ مشینوں کا استعمال کیاگیا۔ روبوٹ سے اسپرے کیا گیا۔ روبوٹ کی مدد سے حجاج کرام میں آب زم زم تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ جدید آلات کی مدد سے خطبہ حج کو 10 عالمی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ صدارت عامہ برائے حرمین حج کو کامیاب بنانے کے لیے سروسز فراہم کرنے والے حکومتی نیٹ ورک میں شامل ہے۔امور حرمین نے وزارت صحت، وزارت حج وعمرہ، وزارت مذہبی امور اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
کورونا وبا کے پیش نظر اس سال مملکت میں مقیم صرف 60 ہزار افراد کو ہی سعادت حج کی اجازت دی گئی تھی اور اس دوران کورونا قواعد پر سختی سے عمل کیا گیا ۔