سعودی حکومت نے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی کوروناوائرس کی وجہ سے حج بیت اللہ کو محدود کردیا گیا ہے۔ صرف 60 ہزار افراد کو ہی حج بیت اللہ کی اجازت دی گئی ہے۔
مسجدِ حرام اور مسجدِ نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے کہا کہ مسجدِ حرام کے مطاف کے صحن، زمینی منزل اور پہلی منزل کے مطاف میں جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اسٹیکرز کو نئی ترتیب سے چسپاں کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں حجاج کرام کی تعداد کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسجدِ حرام میں ہجوم کا نظم کرنے کے شعبے کے ڈائریکٹر انجینئر اسامہ بن منصور الحجیلی نے کہا ہے کہ صحن میں 25 راہوں، زمینی منزل پر 4 راہوں اور پہلی منزل پر 5 راہوں پر مذکورہ اسٹیکرز لگائے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں طواف کے بعد دو رکعت نفل کے مقام پر، شاہ فہد توسیع کے مُصلّوں اور معذور افراد کے راستوں کی تخصیص کے لیے بھی اسٹیکرز چسپاں کردیے گئے ہیں۔
الحجیلی نے مزید کہا کہ انتظامیہ حجاج کرام کی سلامتی کے لیے ان اقدامات کے ذریعے جسمانی دوری کو یقینی بنانے کی خواہش مند ہے۔