سعودی عرب حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے گڈشتہ سال کی طرح اس سال بھی حج بیٹ اللہ کو محدود کیا۔ اس سال صرف سعودی شہری سمیت سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی 60 ہزار افراد کو ہی حج بیٹ اللہ کی اجازت دی گئی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے ویب پورٹل کے ذریعے عازمین حج کے اندراج کا مرحلہ مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اندراج کا آغاز 3 ذو القعدہ 1442 ہجری سے ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران سعودی عرب کے 60 ہزار عازمین کو اہل قرار دیا گیا۔ ان میں سعودی شہری اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔ رواں سال غیر ملکی مقیم افراد کا تعلق 150 ممالک سے ہے۔ ان افراد کو مطلوبہ طبی شرائط کے پورا ہونے پر حج پرمٹ جاری کیا گیا ہے۔
دووسری جانب سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط نے کہا ہے کہ رواں سال ویب پورٹل کے ذریعے اندراج کے پہلے مرحلے میں رجسٹر ہونے والے عازمین کی تعداد 558,270 تک پہنچ گئی۔ اندراج کا مرحلہ جمعرات 28 ذو القعدہ کو اختتام پذیر ہو گیا۔ اس سلسلے میں ترجیح ان افراد کو دی گئی جنہوں نے پہلے حج ادا نہیں کیا۔
وزارت حج و عمرہ نے رواں سال حج کے اہل قرار دیے جانے والے تمام افراد کو عمومی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بنا پیشگی بکنگ کے فوری طور پر اپنے قریب ترین مرکز سے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لیں۔ ساتھ ہی حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں۔