غلاف کعبہ کی تیاری کے ذمہ دار شاہ عبدالعزیز کامپلکس، نمائش اور میوزم کے سیکرٹری عبدالحمید المالکی نے کہا کہ خانہ کعبہ کا غلاف معمول کے مطابق 9 ذی الحج کو عرفہ کے روز تبدیل کیا جائے گا۔ 9 ذی الحج کو پرانا غلاف تبدیل کرکے اس کی جگہ نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔
شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے مطابق حج کے موقع پر موجودہ غلاف کعبہ کو تین میٹر بلند کیا گیا ہے اور اس کی جگہ پر سفید کپڑا جوڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم ذی الحج کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز یا ان کے نائب کی طرف سے علامتی طور پر غلاف کعبہ سپرد کیا جائے گا۔
اس موقع پرغلاف کعبہ کا ایک ٹکڑا اور کعبہ کی چابیاں بھی حوالے کی جائیں گی۔ یہ عمل صدارت عامہ برائے امور حرمین کے سربراہ کی موجودگی میں عمل میں لایا جائے گا۔
المالکی کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تمام سرگرمیاں مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ کے ذریعہ دکھائی جائیں گی تاکہ غلاف کعبہ کی تیاری کے حوالے سے سعودی قیادت کی کاوشوں کا اظہار کیا جاسکے اور حرمین شریفین میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کے لیے مملکت کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کو پیش کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کو صاف رکھنے کے لیے سال بھر 24 گھنٹے صفائی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
علیحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب حرمین شریفین کی انتظامی امور کے سیکرٹری برائے پروجیکٹس اینڈ انجینئرنگ اسٹڈیز انجینئر سلطان القرشی کا کہنا ہے کہ رواں سال مسجد حرام کا پورا صحن، گراؤنڈ فلور اور پہلی منزلیں مطاف عمارت اور مرکزی دروازے شاہ عبد العزیز گیٹ باب المعر، باب الفتح اور 28 برقی سیڑھیاں حج کے موقع پر حجاج کرام کے طواف کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حرمین شریفین کی ایجنسی برائے منصوبہ جات اور انجینئرنگ اسٹڈیز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ حجاج کرام کو حج کے دوران تکنیکی سہولیات کو زیادہ بہتر انداز میں پیش کی جائیں تاکہ انہیں مناسک کی ادائی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔