خلیج کا سب سے بڑا بین الاقوامی زیتون میلہ سعودی عرب کے علاقے الجوف میں منعقد کیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا 14 واں میلہ ہے جس میں زیتون کی مصنوعات کے 45 نمائشی اسٹال لگائے گئے ہیں۔ یہ میلہ سعودی عرب کے علاقے الجوف میں سکاکا شہرکے شہزادہ عبدالالہ ثقافتی مرکز میں منعقد کیا گیا ہے۔
میلے میں ڈیڑھ لاکھ لیٹر زیتون کا تیل اور 50،000 کلوگرام زیتون کی نمائش کی گئی ہے۔
میلے کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا ہے۔ میلے کا افتتاح الجوف ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبد العزیز نے کیا۔ اس کی سرگرمیاں اگلے ہفتے کے آخر تک جاری رہیں گی۔
میلے میں زیتون کے درختوں کے بارے میں زائرین کو معلومات کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ میلے میں آنے والے زائرین کو زیتون کے درخت کے بارے میں معلومات کی فراہمی کا آغاز اس کے قرآن کریم میں تذکرے سے ہوتی ہے۔ اس کے بعد زیتون کی کاشت کے مقامات، طریقہ کار،تیل نکالنے کے روایتی طریقوں کے بارے میں رہ نمائی کے لیے ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
زیتون کے درخت کا تعلق مختلف یونانی ، رومن اور فرعونی تہذیبوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کا حصہ رہا ہے۔ الجوف میں پائے جانے والے زیتون کے معمر اور طویل عرصے سے موجود درختوں کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
زیتون فیسٹیول ایک حقیقی مارکیٹنگ ونڈو ہے جس میں خطے کے کسانوں کے 45 نمائش کنندگان شریک ہیں۔ شرکا زیتون کے تیل اور اس کی دیگر مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق الجوف میں زیون کے درختوں کی تعداد 18 ملین سے زاید ہے۔