مصر کے ایک سیکورٹی وفد نے رام اللہ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ اس دوران غزہ پٹی میں کشیدگی میں کمی اور جنگ سے متاثرہ مقامات کی تعمیر نو کے بارے میں بات کی گئی۔
اس موقع پر فلسطینی صدر نے وفد کو فلسطینی اراضی کی تازہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ وفد اور صدر عباس کے درمیان ہونے والی بات میں غزہ پٹٰی میں مصر کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کو برقرار کھنے، مقبوضہ یروشلم اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقوں کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران غزہ پٹی کی تعمیر نو کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور فلسطینی فریقوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ختم کرنے اور مصالحت کا عمل دوبارہ شروع کرنے پربھی غور کیا گیا۔
صدر عباس نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں، تعمیر نو میں مدد دینے اور سیاسی ٹریک پر واپسی کی مساعی کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان گزشتہ جمعہ کے روز 11 روزہ لڑائی کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔