سعودی عرب کی تمام مساجد میں آج سے تراویح اور تہجد ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، جبکہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے سعودی شہریوں کو 17 مئی سے سفر کی اجازت ہوگی۔
آج سے مملکت سعودی عرب کی تمام مساجد میں تراویح اور تہجد ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور کے مطابق تراویح، تہجد اور عشاء کا دورانیہ 30 منٹ کا ہوگا۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ تینوں نمازیں نصف گھنٹے میں ادا کرنا ہوں گی۔
ادھر سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے سعودی شہریوں کو 17 مئی سے سفر کی اجازت ہوگی۔ وزارت داخلہ کے مطابق 17 مئی رات ایک بجے سے سعودی شہریوں کے بیرون ملک سفر سے پابندی اٹھالی جائے گی۔
دوسری طرف مملکت سعودی عرب میں تجارتی مراکز اور بازار 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصلہ صارفین کا بھیڑ کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کاروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک 4 لاکھ 19 ہزار 348 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 979 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔