کورونا کے دور میں جہاں ہر کوئی شخص پریشان حال ہےلاک ڈاون نے لوگوں کی کمر توڑدی، نوجوان بے روزگاری کا شکار ہے ایسے میں اگر کوئی شخص یا کوئی تنظیم غریب بیماری کا شکار افراد کی مدد کرتی ہے تو یہ عمل قابل ستائش کام ہے۔
ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کی سماجی تنظیم زندگی فاؤنڈیشن وبا کے اس سخت دور میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو فراموش نہیں کررہی ہے۔ برسوں سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو ضلع کے زنانہ ہسپتال کے مریضوں میں پھل اور ضروری اشیاء تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ کووڈ-19 کے اس دور میں بھی یہ کام جاری ہے۔ رفیع احمد قدوائی میموریل ضلع زنانہ ہسپتال میں ’’زندگی فاؤنڈیشن ‘‘کی جانب سے ہمیشہ کی طرح مریضوں میں پھل اور ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔
واضح ہو کہ آج تک جو بھی موسم ہو یا جو بھی صورتحال ہو زندگی فاؤنڈیشن نے ہمیشہ پھل اور ضروری اشیاء تقسیم کر کے غریب مریضوں کی مدد کی ہے۔ زندگی فاؤنڈیشن کی سماجی خدمت یہی تک محدود نہیں ہیں۔ لاک ڈاون سے قبل تک یہ تنظیم ہر ماہ کی10 تاریخ کو5 روپیہ میں بھر پیٹ کھانے کا انتظام بھی کرتی رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بھی راہگیروں کو کھانا تقسیم کرنے میں یہ تنظیم آگے رہی ہے۔
ایک دفعہ پھر زنانہ ہسپتال کے تمام وارڈس میں کووڈ 19 کی گائیڈلائن پر عمل کرتے ہوئے پھل ، دودھ اور ڈبل روٹی تقسیم کی گئیں۔ خاص بات یہ ہے کہ زندگی فاؤنڈیشن سماجی کاموں کے لئے کسی سے مالی تعاون نہیں لیتی ہے۔ زندگی فاؤنڈیشن کے تمام اراکین اپنے ذرائع سے ہی یہ تمام انتظام کرتے ہیں۔
زندگی فاؤنڈیشن اس کار خیر کے ذریعہ غریب پریشان افراد کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ بھلے ہی یہ مدد ماہ کے ایک روز ہوتی ہو لیکن اس سے بھی بڑی تعداد میں غریب افراد کو فائدہ پہنچتاہے۔ زندگی فاؤنڈیشن سماجی کارکن زہیر انجم
خان کی قیادت میں برسوں سے یہ کام کرتی آ رہی ہے۔ زندگی فاونڈیشن میں تمام مذاہب کے افراد شامل ہیں۔