Yemen: The painful message of a child without a leg
جموں و کشمیر قومی خبریں

یمن: ایک پَیر سے محروم بچی کا دردناک پیغام

یمن میں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری خانہ جنگی کے باعث ہزاروں افراد ہلاکت کا شکار ہوئے جبکہ سینکڑوں بچے یتیم اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں اس خانہ جنگی کے باعث یمن کی صورت حال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔

یمن میں حوثی باغیوں کے حملے میں ایک پَیر سے محروم ہونے والی بچی کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس کی درد ناک داستان نے انسانی ہمدردی کا جذبہ رکھنے والے ہر شخص کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

یمن کی یہ لڑکی شیما ہے جس کا ایک پیر حوثی باغیوں کے حملے میں ٹوٹ گیا تھا۔ وہ ایک پیر پر کھڑی ہے۔ اس نے ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کے نام اپنا پیغام ریکارڈ کرایا ہے۔ اس پیغام میں اس نے حوثی باغیوں کی دہشت گردی کا شکوہ کیا ہے۔ شیما کا کہنا ہے کہ یمن کے عوام اس کی طرح گذشتہ چھ سال سے حوثیوں کا ظلم اور ان کا عذاب جھیل رہے ہیں۔

ایک درد بھری کیفیت کا اظہار کرنے والی شیما کا کہنا ہے کہ ‘میں یمن کی شیما ہوں اور میری عمر10 سال ہے، میں تعز میں حوثیوں کے داغے گئے گولے کے پھٹنے سے زخمی ہوئی۔ میں یمن کے ہزاروں بچوں کے دکھوں اور ان کی تکالیف کا ثبوت ہوں۔

خیال رہے کہ چھ جنوری کو حوثی شدت پسندوں نے شمال مشرقی تعز میں التعزیہ ڈاریکٹوریٹ کو الگ کرنے کے لیے ایک بڑا سیکیورٹی آپریشن شروع کیا اور علاقے کی مسلسل ناکہ بندی کی گئی ہے۔ اس نام نہاد آپریشن کے دوران حوثی شدت پسندوں نے نہتے شہریوں کے قتل عام، لوٹ مار کے ساتھ خواتین اور بچوں کو اغوا کرنے کا غیرانسانی طریقہ بھی اپنا رکھا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری جنگ کے باعث ہزاروں افراد ہلاکت کا شکار ہوئے جبکہ سینکڑوں بچے یتیم اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں اس خانہ جنگی کے باعث یمن کی صورت حال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ اس جنگ سے بچے شدید متاثر ہوئے ہیں ،جنگ کے باعث ہزاروں کی تعداد میں بچےیتیم اور بے سہارا ہوگئے ہیں ، انہیں بنیادی سہولیات تک حاصل نہیں ہے اور یہ بچے شدید غذائی قلت کا شکار اور تعلیم سے محروم ہیں۔
( ٹویٹر سے ماخوذ )