علم ایک ایسی دولت جسے کوئی نہیں چراسکتا اور علم ہی انسان اور جانور میں فرق پیدا کرتا ہے۔ سب سے پہلی وحی علم اور تعلیم کے تعلق سے ہی نازل کی گئی ہے۔
اور نگ آباد راست : ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں ایک طالبہ کی جانب سے ایک منفرد لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، لائبریری کو ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام محلہ لائبریری کا نام دیا گیا ہے۔
اورنگ آباد کے بائیجی پورہ میں شہر کی اولین محلہ لائبریری کا افتتاح رکن پارلیمان فوزیہ تحسین خان کے ہاتھوں عمل میں آیا، اپنی نوعیت کی اس منفرد لائبریری کو دیکھ کر رکن پارلیمان نے نہ صرف حیرت کا اظہار کیا بلکہ پورے شہر میں محلہ لائبریریاں قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
اس لائبریری کی طرز پر شہر میں تیس لائبریریاں قائم کی جائے گی۔
کتابیں بہترین دوست ہوتے ہیں اور یہ تنہائی کے بہترین ساتھی بھی ہوتے ہیں اور یہ ہمیشہ اپنے دوستوں کو فائدہ ہی فائدہ پہنچاتے ہیں ۔ جولوگ کتابوں سے دوستی کرتے ہیں انہیں کبھی نقصان نہیں ہوتا ہے۔
جس کی کتابوں سے دوستی ہوتی ہے، وہ چاہتا ہے کہ اس کے دوست بھی کتابوں سے دوستی کر لیں۔ اسی چاہت نے اسکولی طالبہ مریم کو بچوں کی لائبریری قائم کرنے کا حوصلہ بخشا۔ بیٹی کی اس انوکھی اور منفرد خواہش پر والد نے دیڑھ سو کتابیں تحفے میں دے دی۔
واضح رہے کہ بائیجی پورہ میں قائم یہ محلہ لائبریری خاص طور پر اسکولی بچوں کے لیے مختص رہے گی۔ اس لائبریری میں سائنس، تاریخ اور کہانیوں پر مبنی کتابوں کا ذخیرہ شامل ہے۔ لائبریری کا مقصد نئی نسل کو نصاب سے ہٹ کر مطالعے کی طرف راغب کرنا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے تعلیمی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ بچے اسکول سے محروم ہوگئے جبکہ اساتذہ کرام علم کی شمع فراہم کرنے سے قاصر ہوگئے۔ لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد کچھ تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیم کا نظم کیا تاہم یہ اتنا زیادہ کار گر ثابت نہیں ہورہا ہے اور اس میں بھی کئی مسائل حل طلب ہیں۔